پی ٹی آئی کا الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائرکرنے کا اعلان

لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ادارے کو ہی ختم کردیا، ایک کروڑ اوورسیز پاکستانی چیف الیکشن کمشنر کی وجہ سے اپنے ووٹ کے حق سے محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آگیا لیکن ن اور پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ پر خاموشی ہے۔ایک طرف کہا گیا کہ زہر کھانے کو پیسے نہیں دوسری جانب 6 کروڑ کا چیف الیکشن کمشنر کا نیا گھر بنا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پہلی بار آرٹیکل 221 کے تحت چیف الیکشن کمشنر نے اختیارات اپنے پاس رکھے اور صدر مملکت کا اختیار واپس لے لیا، چیف الیکشن کمشنر سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف کل سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کرے گی جس میں موجودہ الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کی استدعا کی جائے گی۔