کراچی: گلستانِ جوہر میں نوسرباز شخص نابینا مؤذن سے موبائل فون دھوکے سے لے کرفرار ہو گیا۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوسر باز نے مسجد کے مؤذن کو بھی نہ چھوڑا اور دھوکے سے موبائل لے کر فرار ہوگیا۔
نابینا مؤذن حافظ امجد نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بیان دیا ہے جس میں اس نے بتایا کہ حسن نامی شخص میرے پاس آیا اور پوچھا آپ کیا کرتے ہیں، میں نے بتایا کہ میں مؤذن ہوں۔ اس نے مجھے کہا آپ نعت پڑھیں میں آپ کی نعت کی ویڈیو یوٹیوب پر وائرل کروں گا۔
حافظ امجد نے مزید بتایا کہ ملزم نے میرے ہی موبائل سے ویڈیو بنانے کا کہا، تو میں نے اس شخص کو موبائل دے دیا اور نعت پڑھنا شروع کردی، لیکن جب نعت ختم کی تو وہ شخص میرا موبائل لے کر فرار ہوچکا تھا۔
گلستان جوہر بلاک 1 کی مسجد کے نابینا مؤذن سے یہ شخص قیمتی موبائل فون اور ایزی پیسہ سے 35 ہزار روپے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرکے فرار ، مؤذن حافظ امجد کیمطابق حسن نامی شخص نے اسے کہا اپنا موبائل دو تاکہ تمہاری نعت ریکارڈ کرکے یوٹیوب چینل بناکر اپ لوڈ کروں امجد نعت پڑھتا رہا کرتا رہا pic.twitter.com/YiMLYyKk5J
— Faizullah Khan فیض (@FaizullahSwati) May 2, 2023
مؤذن کا کہنا تھا کہ میرے موبائل میں پیسے اور شناختی کارڈ کی کاپی تھی، دھوکے باز شخص نے میرے موبائل اکاؤنٹ سے 35 ہزار روپے نکال لیے ہیں، میں اعلی حکام سے اپنا موبائل واپس دلانے کی اپیل کرتا ہوں۔