اسلام آباد: پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سپریم کورٹ کے رجسٹرار کو طلب کرلیا ہے ،عندیہ دیا ہے کہ اگر رجسٹرار حاضر نہ ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔
نورعالم خان کی زیر صدرات پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سپریم کورٹ کا 2010 سے 2021 تک آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چئیرمین پی اے سی نور عالم نے اس حوالے سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو 16 مئی کو طلب کرلیا، اور کہا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ اکاونٹس کمیٹی کے سامنے نہ آئے تو وارنٹ جاری کروں گا، اگر وارنٹ پر اسٹے آرڈر لیا گیا تو دوبارہ وارنٹ جاری کروں گا۔
چیئرمین کمیٹی نے آڈیٹرجنرل کو ججز، صدر اور وزیراعظم کی تنخواہوں کا موازنہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کردی، جب کہ نیشنل کرائم ایجنسی یو کے سے 190 ملین پاؤنڈ کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم کا کہنا تھا کہ مسائل ہیں پھر جہاں ہاتھ ڈالتا ہوں کہا جاتا ہے ہاتھ ہولا رکھیں۔