ضلع کی تمام عدالتیں بھی سوگ میں بند رہیں، فائل فوٹو
ضلع کی تمام عدالتیں بھی سوگ میں بند رہیں، فائل فوٹو

ضلع کرم میں 8 افراد کے قتل کیخلاف ہڑتال

پارا چنار، ضلع کرم میں پانچ اساتذہ سمیت آٹھ افراد کے قتل کے بعد ضلع بھر میں فضا سوگوارہے تمام بازار اور تعلیمی ادارے احتجاجاً بند ہیں، جاں بحق افراد کی تدفین بعد نماز جمعہ کی گئی۔ اساتذہ نے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ضلع کرم میں پانچ اساتذہ سمیت آٹھ افراد گزشتہ روز فائرنگ کے دو واقعات میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

افسوسناک واقعے کے خلاف آج ضلع بھرمیں سوگ منایا جارہا ہے، بازار اور کاروباری ادارے سوگ میں احتجاجآ بند ہیں۔ جاں بحق افراد کی تدفین بعد نماز جمعہ کر دی گئی۔

ضلع کی تمام عدالتیں بھی سوگ میں بند رہیں، صوبے بھر میں اساتذہ کے قتل کے خلاف اساتذہ برادری سراپا احتجاج ہے۔

پاراچنار میں بھی اساتذہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور اساتذہ کے قتل میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔اساتذہ نے الزام عائد کیا کہ قتل میں مقامی لوگ اور طلبا بھی ملوث ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسکول ٹیچر جان بحق ہوگیا تھا۔ واقعہ کے بعد تری منگل ہائی اسکول میں مسلح افراد نے اسکول میں گھس کر مزید سات افراد کو قتل کردیا۔