برطانیہ(اُمت نیوز)برطانوی بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی بروز ہفتے کے روز ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی
بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے شاہی خاندان کی جانب سے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان اور مشہور شخصیات کو دعوت دی گئی ہے۔
کنگ چارلس کی والدہ ملکہ الزبتھ کی تاج پوشی 1953 میں ہوئی تھی۔
اب باد شاہ چارلس کی تاج پوشی کو برطانیہ میں صدی کی سب سے بڑی تقریب قرار دیا جارہا ہے۔
اس تقریب میں ایک شاندار پریڈ ہوگی اور عظیم الشان فوجی جلوس نکالا جائے گا۔
برطانیہ میں لاکھوں افرادباد شاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کے جشن کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ تقریب مذہبی رسومات اور شاہی شان و شوکت کا مظہر ہوگی۔ سنہ 1066 سے شروع ہونے والے اس سلسلے میں بادشاہ چارلس 40 ویں شاہی حکمراں ہوں گے جن کی تاج پوشی ویسٹ منسٹر ایبے میں ہوگی۔
بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبی تک ایک جلوس کے ساتھ تقریب کا باضابطہ آغاز ہوگا جسے دیکھنے کے لیے روٹ کے ساتھ موجود راستوں کو کھول دیا جائے گا۔ دی مال اور وائٹ ہال پر جو پہلے پہنچے گا اسے جگہ ملے گی لیکن اس کے بعد عوام کو ہائیڈ پارک، گرین پارک اور سینٹ جیمز پارک میں بڑی سکرینوں کی جانب بھیجا جائے گا تاکہ وہ پارک میں بیٹھ کر تقریب دیکھ سکیں۔
خصوصی طور پر بلائے گئے مہمانوں کے لیے بکنگھم پیلس کے باہر جگہ مختص کی گئی ہے۔ ان خاص مہمانوں میں سابق فوجی اہلکار، نینشل ہیلتھ سروس اور سوشل کیئر کا عملہ شامل ہے۔
بکنگھم پیلس سے ویسٹ مِنسٹر ایبی جانے والے جلوس میں شامل مسلح افواج کے تقریباً 200 اہلکار سنیچر کی ہفتے کی صبح اکٹھا ہونا شروع ہو جائیں گے۔ ان فوجیوں میں سے زیادہ تر کا تعلق بادشاہ کی حفاظت پر مامور خصوصی دستہ ‘ایسکورٹ آف ہاؤس ہولڈ کیولری’ سے ہے۔ ان کے علاوہ راستے پر ایک ہزار دیگر اہلکار تعینات ہوں گے۔
بکنگھم پیلس سے جلوس دی مال اور ٹریفیلگر اسکوائر کے بعد، وائٹ ہال اور پارلیمنٹ اسٹریٹ سے گزرتا ہوا پارلیمنٹ اسکوائر اور براڈ سینکچوری کی جانب مڑ کر ویسٹ منسٹر ایبے کے مغربی دروازے ’گریٹ ویسٹ ڈور‘ پہنچے گا۔ روایت سے ہٹ کر جلوس کے دوران باد شاہ چارلس اور کوئین کمیلا پرانی گولڈ سٹیٹ کوچ کی بجائے ‘ڈائمنڈ جوبلی سٹیٹ کوچ’ نامی بگھی میں سفر کریں گے۔
بادشاہ چارلس گریٹ ویسٹ ڈور سے داخل ہوں گے اور چرچ کے اندر درمیانی راستے سے گزرتے ہوئے ایبے کے درمیان تک پہنچیں گے۔
بادشاہ چارلس سے پہلے مذہبی رہنماؤں اور دولت مشترکہ کے کچھ ممالک کے نمائندوں پر مشتمل جلوس نکلیں گے جو اپنے ملک کے جھنڈے اٹھائے ہوئے ہوں گے اور ان کے ساتھ گورنر جنرل اور وزرائے اعظم بھی ہوں گے۔ ان میں برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سُنک بھی شامل ہوں گے۔
ایبے تقریب میں بادشاہ چارلس کی منتخب کردہ موسیقی بھی بجائے جائے گی۔ اس کے علاوہ 12 نئی دھنیں شامل کی گئی ہیں جن میں معروف انگلش موسیقار اینڈریو لائیڈ ویبر کا میوزک بھی شامل ہے۔ بادشاہ چارلس کے والد پرنس فلپ کی یاد میں یونانی آرتھوڈوکس میوزک بھی تقریب میں بجے گا۔
بادشاہ کا پوتا، شہزادہ جارج، کمیلا کے پوتے پوتیاں، لولا، ایلیزا، گس، لوئس اور فریڈی، ‘پیجز’ کے اعزازی عہدے میں نظر آئیں گے۔ ایبے کے اندر جلوس میں حصہ لینے والوں میں سے کچھ بادشاہ کے آگے ریگیلیا یا شاہی علامات لے کر چلیں گے، اس کے علاوہ باقی شاہی علامات آلٹر پر رکھی جاتی ہیں جب تک کہ تقریب میں ان کی ضرورت نہ ہو۔