کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے 24 اضلاع میں مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ شروع ہوگئی ہے۔، پولنگ صبح 8 بجے سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مقصد کے لیے ہفتے کو الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر سے پولنگ کا سامان پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کردیا گیاہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات ہونگے جن میں کراچی ڈویژن کی یو سی چیئرمین وائس چیئرمین کی 11 اور وارڈ ممبر کی 15 نشستیں بھی شامل ہیں۔ ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد، یو سی 13 نیو کراچی، ضلع کورنگی میں یو سی 2 کورنگی، یو سی 3 شاہ فیصل ٹائون، یو سی 8 لانڈھی، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد، ضلع جنوبی میں یو سی 2 بہار کالونی لیاری اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 بلدیہ میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوگی۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کی تمام نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں ہے، 292 کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں 434 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ مرد اور خواتین ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 90 ہزار 295 ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں میئر کے لیے کسی بھی پارٹی کے پاس واضح اکثریت موجود نہیں ہے، یہ 11 نشستیں بھی واضح برتری تو نہیں دلاسکتیں مگر یہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے لیے اہم ضرور ہیں۔ ان نشستوں پر انتخابات امیدواروں کے انتقال کے باعث ہورہے ہیں۔