فائل فوٹو
فائل فوٹو

ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم، گنتی شروع

کراچی: کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا وقت ختم ،ووٹوں کی گنتی شروع ہو گئی،نتائج کا اعلان6 بجے کے بعد کیا جائے گا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل صبح 8 سے بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

مختلف کیٹگریز کی 63 نشستوں پر انتخابات کے لیے 434 امیدوار  نے حصہ لیا، کراچی ڈویژن کی 11 یو سی چیئرمین وائس چیئرمین اور وارڈ ممبر کی 15 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 449 پولنگ اسٹیشنز اور 1586 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں، ایک بھی پولنگ اسٹیشن نارمل نہیں تھا، 292 کو انتہائی حساس اور 157 کو حساس قرار دیا گیاتھا۔

ضلع وسطی میں یو سی 4 نیو کراچی، یو سی 6 نارتھ ناظم آباد اور یو سی 13 نیو کراچی بھی شامل، ضلع کورنگی میں یو سی 2، یو سی 3 شاہ لطیف ٹاؤن، یو سی 8 لانڈھی پر بھی انتخاب ہوا، ضلع غربی میں یو سی 1 اورنگی، یو سی 2 اورنگی، یو سی 8 مومن آباد میں پولنگ ہوئی، ضلع جنوبی میں یو سی 2 اور ضلع کیماڑی میں یو سی 2 میں چیئرمین وائس چیئرمین کی مشترکہ نشست پر پولنگ ہوئی۔

جیکب آباد، کشمور اور شکار پور میں 1،1 نشست پر انتخاب ہوگا، گھوٹکی، سکھر اور خیرپور میں 2،2 نشستوں پر، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہ یار اور مٹیاری میں بھی 1،1 بلدیاتی نشست پر ضمنی انتخاب ہوا جب کہ حیدرآباد 10 اور نوشہروفیروز میں 3 نشستوں پر، جامشورو 1، دادو 3، بدین 2، سجاول 2 اور ٹھٹھہ میں 3 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا۔

کراچی میں کورنگی میں 5، ملیر 1 اور ضلع شرقی کراچی میں 6 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جنوبی میں 1، غربی 3، وسطی 3 اور ضلع کیماڑی کی 7 نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوا۔

ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے امیدوار میدان میں ہیں جب کہ ایم کیو ایم پاکستان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا ۔