لاہور(امت نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب بھر میں بدھ سے جلسوں کا اعلان کردیا۔
ویڈیو لنک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کل 4 ہزار 200 مقامات پر لوگ نکلے، کبھی ملکی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، لوگ کسی شخصیت کےلیے نہیں آئین کی حفاظت کرنے کے لیے نکلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین کو ایک ماہ حراست میں رکھ کر تشدد کیا گیا لیکن ڈیرہ اسماعیل خان نے اس کا تاریخی استقبال کیا۔ فسطائیت کے ذریعے آپ عوام کے دلوں میں سرائیت کرنے والی تحریک کو روک نہیں سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ میں بدھ سے 14 تاریخ تک تاریخی جلسے کرنے جا رہا ہوں
اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 75 استقبالیہ مقامات کےساتھ علی امین گنڈا پور کی ریلی بہت بڑی تھی جس میں شریک توانائی سے بھرپور لوگ 20 کلومیٹر تک اس کی گاڑی کےساتھ پیدل چلتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ جیل اور زیرِحراست تشدد کےذریعےنظریات کا خون نہیں کیاجاسکتا۔
عمران خان نے لکھا کہ فسطائی اپنے ہتھکنڈوں سے قانون کی حکمرانی اور حقیقی آزادی کی ہماری تحریک کو تقویت ہی پہنچا رہے ہیں۔