عمران خان سڑکوں پر آئے تو علاج کریں گے،راناثنااللہ

فیصل آباد(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر آئے تو پہلے ان کا علاج کریں گے، پھر الیکشن کریں گے۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہم نے الیکشن مہم کا آغاز کر دیا ہے، ہم کامیابی حاصل کریں گے۔

رانا ثنااللّٰہ کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار آج پی ٹی آئی کے ٹکٹ بیچ رہا ہے، ثاقب نثار کا بیٹا کہہ رہا ہے کہ ٹکٹ دلوانے کےلیے میرے بابا نے بہت محنت کی، جس وقت ثاقب نثار چیف جسٹس ہوں گے اس وقت یہ لوگ کیا کرتے ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ثاقب نثار کا کردار سامنے آنے پر کیا سوموٹو نہیں ہونا چاہیے؟ ثاقب نثار نے تسلیم کیا آواز میرے بیٹے کی ہے پھر نوٹس کیوں نہیں لیا جارہا؟

رانا ثنااللّٰہ نے کہا کہ پچھلے سال مسلم لیگ (ن) سوچ رہی تھی کہ ہمیں الیکشن میں چلا جانا چاہئے، اگر اس وقت نگراں حکومت ہوتی تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا، جب ملک ترقی کر رہا تھا تو پھر اس تجربے کی کیا ضرورت تھی؟، عمران خان کو اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ اور جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کو لانے کی کیا ضرورت تھی؟،

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے 25 مئی کو کہا کہ الیکشن کراؤ نہیں تو میں آرہا ہوں، 25 مئی کو پھر ان کو بھاگنے کا راستہ نہیں ملا، ڈی چوک پر دھرنے کا کہہ کر بھاگ گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تمہارے سارے پروگرام ناکام ہوچکے ہیں، تمہارے کہنے پر ہم ایک دن بھی کم کرنے کو تیار نہیں، عوام کو اپنے ووٹ کی طاقت سے اسے مائنس کرنا چاہئے۔