عمران خان کی حمایت سے ایک انچ پیچھےنہیں ہٹیں گے،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

لاہور (اُمت نیوز )زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں بلتستان کابینہ و اسمبلی اراکین کے وفد نے خصوصی ملاقات کی اور گلگت میں فلاحی اقدامات، تنظیمی امور اور ملکی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران گلگت بلتستان کے منتخب نمائندوں کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال اور عدلیہ سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک بھر کی طرح گلگت بلتستان کے عوام چیئرمین عمران خان کی قیادت میں قانون کی حکمرانی کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی قیادت میں اپنی کابینہ، مشیران، معاونین اور منتخب نمائندوں سمیت شرکت کو باعثِ فخر سمجھتا ہوں۔
خالد خورشید کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی میں ہماری شرکت گلگت بلتستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی ہے، گلگت بلتستان کی حکومت عمران خان کے حقیقی آزادی کے ویژن کی تائید کرتی ہے، عمران خان کی بھرپور حمایت سے ایک انچ پیچھےنہیں ہٹیں گے۔
انکا کہنا تھا کہ وفاق کی مضبوطی و ترقی آئین کے حد درجہ احترام سے وابستہ ہے، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، عوامی مینڈیٹ کی راہ میں روڑے اٹکانے یا اس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے قومی وحدت کو نقصان پہنچاتے ہیں، آئین پر حملے کرکے وفاق میں ہیجان برپا کرنے کی بجائے عوامی مینڈیٹ کے احترام کی روش اپنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اور منتخب عمائدین آئینی حقوق کے تحفظ اور مکمل سیاسی آزادیوں پر یقین رکھتے ہیں، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کے بقاء کی تحریک میں عمران خان کے شانہ بشانہ ہیں۔