کوئٹہ میں کانگو وائرس سے خاتون سمیت 2مزید مریض جاں بحق

کوئٹہ (امت نیوز)  بلوچستان میں کانگو وائرس کے باعث خاتون سمیت 2مزید مریض جاں بحق ہوگئے۔ رواں سال کانگو سے مرنے والوں کی تعداد 4ہوگئی، اس وقت بھی 3مریض فاطمہ جناح اسپتال میں داخل ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز فاطمہ جناح انسٹیٹیوٹ آف چیسٹ ڈیزیزز کوئٹہ میں داخل کوئٹہ کے رہائشی حاجی اختر انتقال کرگئے جسے گزشتہ روز ہی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جس کا ٹیسٹ بھیج دیا گیا تھا اور اس کا علاج شروع کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور بعد ازاں ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آیا۔

ہفتے کے روز افغانستان سے تعلق رکھنے والی 20سالہ خاتون گل پرو کو بھی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے داخل کردیا گیا اور ٹیسٹ کے لئے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے تاہم ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک بجے کے قریب مذکورہ خاتون انتقال کرگئیں جس کے بعد رواں سال کانگو کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4ہوگئی۔

3 رواں سال اب تک وائرس کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔