لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلیے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
اہور ہائیکورٹ میں پنجاب اسمبلی کی بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شاہد کریم نے شہری شرافت علی کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کون ہے اس کا کیا تعلق ہے؟، وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار فیصل آباد میں سیاسی ورکر ہے،عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ کس طرح کی درخواستیں دائر کرتے ہیں؟۔
عدالت عالیہ نے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلیے دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے درخواست گزار شرافت علی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا، جسٹس شاہد کریم نے کہا جرمانے کی معافی کی درخواست کی تو جرمانہ بڑھا کردو لاکھ روپے کردوں گا۔
واضح رہے شہری شرافت علی کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی بحالی کیلیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست گزار کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی سمری کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔