کابل(اُمت نیوز) افغان سیکورٹی فورسز نے اسلامک اسٹیٹ صوبہ خراسان (آئی ایس کے پی) کے نائب امیر انجینئر عمر کو مبینہ طور پر خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن میں ہلاک کر دیا ہے۔
انجینئر عمر، گروپ کے امیر شہاب المہاجر کے نائب کے طور پر کام کر رہا تھا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن کابل کے شمال میں آئی ایس کے پی کے لیڈر ڈاکٹر شہاب المہاجر کے آبائی ضلع شکردرہ میں کیا گیا جہاں گروپ کا ایک وسیع نیٹ ورک کام کر رہا تھا۔
اسی طرح فروری میں طالبان کے خصوصی دستوں نے کابل میں ایک آپریشن کے دوران آئی ایس کے پی کے انٹیلی جنس اور فوجی سربراہ کو ہلاک کیا تھا۔ کارروائی میں داعش کے دو ارکان بھی مارے گئے تھے۔
ہلاک ہونے والوں میں آئی ایس کے پی کا ایک اہم رکن قاری فتح بھی شامل ہے جو خراسان کا فوجی رہنما، صوبہ کنار اور مشرقی زون کا سربراہ اور انٹیلی جنس آپریشنز کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکا ہے۔
قاری فتح کابل میں حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی رہ چکا تھا جس میں سفارتی مشنز، مساجد اور دیگر اہداف شامل تھے۔