گاڑی خرید نے کیلئے رقم نہ دینے پر بیٹے کے ہاتھوں ماں قتل

راولپنڈی/اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں گاڑی خریدنے کیلئے رقم نہ دینے پر بیٹے نے ماں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔عدیل خان نے پولیس کو درخواست میں بتایا کہ نبیل والدہ سے 4 لاکھ روپے مانگ رہا تھا ، انکار پر گولیاں ماری۔ دوسری طرف اسلام آباد میں بیٹی کو حراساں کرنے سے منع کرنے پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ماں اور باپ زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق تھانہ دھمیال پولیس کوعدیل خان نے بتایا کہ میری والدہ تسلیم بی بی، بھائی نبیل خان اور افضال خان کے ہمراہ رہائش پذیر ہیں، نبیل نے گاڑی خریدنے کے لیے والدہ سے رقم مانگی اور گالم گلوچ کی، جسکو سمجھانے کے لیے میں ہمراہ چچا محمد بشارت اپنی والدہ کے گھر آئے اور برادرم نبیل کو روبرو والدہ سمجھا رہے تھے کہ نبیل اپنی ضد پر قائم تھا کہ مجھے گاڑی کی خریداری کے لیے رقم 4 لاکھ روپے دیں جو والدہ کے انکار پر نبیل طیش میں آ گیا اور فوری ڈب سے پسٹل نکال کر والدہ کو ارادہ قتل سے سیدھے فائر کیے جو والدہ کو سامنے سینے اور کنپٹی و ہاتھ پر لگے جس سے و الدہ مضروب ہو کر گر پڑی اور موقع پر جاں بحق ہو گئی، پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔دریں اثناء وفاقی دارالحکومت میں بیٹی کوحراساں کرنے سے منع کرنے پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، ماں باپ زخمی ہو گئے،تھانہ آبپارہ پولیس کو عدنان نے بتایا کہ میں اور میری بیوی اپنے موٹر سائیکل پر اور بیٹا اور بیٹی دوسرے موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ فیج آباد پل کے قریب دو نامعلوم موٹرس ائیکل سواروں نے میری بیٹی کو ہراساں کیا، وہ لوگ ہمارا مری روڈ سے پیچھا کر رہے تھے،میری منع کرنے پر انھوں نے میرے بیٹے پر فائر کیا جو بڑی مشکل سے بچا، پھر انھوں نے فائرنگ کی جس سے میں اور میری بیوی زخمی ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔