اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطہ سے رینجرز نے گرفتار سے کر لیا اور انہیں نیب ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان آج مختلف مقدمات میں پیشی کیلیے اسلام آباد میں موجود تھے، عمران خان بائیومیٹرک کروانے کیلیے وہیل چیئر پر کمرے میں گئے تو پیچھے سے رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے کمرے کا دروازہ توڑا اور عمران خان کو گرفتار کرتے ہوئے اپنے ساتھ لے گئے۔
نجی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ عمران خان کو نیب میں جاری القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔عمران خان پر الزام ہے کہ بیرون ملک سے ایک خطیر رقم پاکستان آئی لیکن اس کا کچھ پتا نہیں چلا۔عمران خان اور ان کی اہلیہ کو نیب میں پیش ہونے کیلئے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
نیب کے پاس عمران خان کی گرفتاری کیلیے وارنٹس موجود تھے، رینجرز نے عمران خان کو وارنٹس دکھائے اور گرفتار کرتے ہوئے کالے رنگ کی گاڑی میں لے کر فوری طور پر روانہ ہو گئی۔جوڈیشل کمپلیکس میں آج معمول سے زیادہ رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا ۔