اسلام آباد: تحریک انصاف نے اپنے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی جس پر مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں ںے سڑکیں بند کردیں،کراچی میں قیدی وین کو نذر آتش کر دیا گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں اکبر چوک، پیکو روڈ، ٹاؤن شپ، کینال روڈ اور فیصل ٹاؤن کو بند کر دیا گیا۔
ڈنڈا بردار کارکنوں نے کینال روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا، زمان پارک کا کنٹرول بھی پی ٹی آئی کارکنان نے سنبھال لیا، ٹھنڈی سڑک اور جیل روڈ کو بھی کارکنان نے ٹریفک کیلیے بند کر دیا، مال روڈ پر بھی پی ٹی آئی نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
عمران خان کی رہائشگاہ زمان پارک اور لبرٹی چوک کے علاقوں میں موبائل فون سروس کو معطل کردیا گیا ہے ۔
لاہور جی پی او چوک پر وکلا کی طرف سے احتجاج شروع ہوگیا۔ وکلا نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بند ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہر کی مین شاہراہوں کی بندش کے باعث اطراف کی سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس لاہور نے بتایا کہ پی ٹی آئی کارکنان نے لبرٹی چوک سے حفیظ سنٹر تک مین بلیوارڈ کو بند کر دیا گیا، شنگھائی پل فیروز پور روڈ سے شہر جانیوالا راستہ بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا۔
عمران خان کی گرفتاری کیخلاف کراچی میں بھی احتجاج، قیدی وین نذرآتش
تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے کارکنوں کو طلب کیا جس پر کارکنان اور رہنما انصاف ہاؤس پہنچنا شروع ہوگئے۔ کارکنوں ںے شارع فیصل پر ٹریفک کی روانی بند کردی جس کے سبب گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، کارکنوں اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔
نرسری کے قریب شارع فیصل پر تحریک انصفا کے کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا اور قیدی وین کو نذر آتش کر دیا، پولیس نے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔
یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی ،الآصف اسکوائر اور دیگر علاقوں میں بھی احتجاج جاری ہے،ٹریفک معطل ہو گیا ہے۔
کراچی ایئرپورٹ، نمائش چورنگی اور شہر کی مختلف شاہراہوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران شاہراہ کو بلاک کرنے نہیں دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنما چوہدری فواد حسین نے عوام سے گھروں سے باہر نکلنے کی اپیل کی اور گرفتاری کو عدلیہ پر حملہ قرار دیدیا۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور قوم کے رہنما عمران خان کی عدالت کے احاطے سے گرفتاری آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، یہ ملک اس قسم کے فاشزم کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا، قوم کو اٹھنا ہوگا، اس ملک کو بند کرنے کا وقت آگیا ہے۔