گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی ( اسٹاف رپورٹر )راولپنڈی پولیس کا گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ۔ قانون سازی کے لیے آئی جی پنجاب کو سمری بھجوا دی گئی ۔ راولپنڈی میں گونگے بہرے افراد کی نشاندھی کے لیے گاڑیوں موٹر سائیکلوں پر مخصوص سٹیکر کا بھی اجرا کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس کی جانب سے گونگے بہرے افراد کو خصوصی سہولیات کی فراہمی کے لئے تحفظ سنٹر کے ذریعے مہم جاری ہے اس کے دوران راولپنڈی پولیس نے گونگے بہرے افراد کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لیے خصوصی سمری تیار کی ہے جس کو منظوری کے لیے آئی جی پنجاب کو بھجوایا گیا ہے جس کے بعد اس کو حکومت پنجاب کو بھجوا کر قانون سازی کی کو شش کرائی جائے گی ۔ ترجمان پولیس کے مطابق سڑک پر گونگے بہرے افراد کے مسائل کے پیش نظر پاکستان میں پہلی مرتبہ گاڑیوں موٹر سائیکلوں کے لئے خصوصی نشاندہی سٹکرز کا اجراء کر دیا ، پہلی مرتبہ گونگے بہرے افراد کے لئے ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لئے قانونی اقدامات کا تحرک کیا جارہاہے،گونگے بہرے افراد کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل پر مخصوص سٹکرز کے ذریعے نشاندہی ہو سکے گی، ٹریفک پولیس گونگے بہرے افراد کو مکمل معاونت فراہم کرے گی۔