وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی پر پابندی کی تجویز مسترد کردی

اسلام آباد(امت نیوز)وفاقی کابینہ کی اکثریت نے پی ٹی آئی پر پابندی کی تجویز مسترد کردی ۔ کابینہ ارکان کا کہناتھاکہ پابندی مسئلے کا حل نہیں، خانہ جنگی اورعوام کو فوج سے لڑانے کی سازش ناکام بنانا ہوگی ۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ملک کی موجودہ صورتحال پرغور کیا گیا۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر کابینہ ارکان نے تشویش کا اظہار کیا۔ پرتشددواقعات میں ملوث افرادکیخلاف انسداددہشتگردی ایکٹ کےتحت مقدمات درج کرنےکی سفارش کی گئی۔
کابینہ اجلاس میں پی ٹی آئی کے خلاف اقدامات سے متعلق قانونی آپشنز پرغورکیا گیا ۔ شرکا کو وزارت داخلہ کی جانب سے امن وامان کی مجموعی صورتحال پربریفنگ دی دی گئی۔ کابینہ کو ملک بھرمیں پر تشدد کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کی اندورنی کہانی کے مطابق کابینہ ارکان نے کہا کہ امن و امان کے قیام کےلیے تمام تر اقدامات اٹھائے جائیں،ارکان نے کارکنوں کو اکسانے اور شرپسندی میں ملوث عناصرکیخلاف سخت کارروائی کی سفارش کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے عمران خان کی گرفتاری پر 9 مئی کے پرتشدد واقعات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسارکیا کہ فوجی اور سرکاری املاک کی سکیورٹی کیوں یقینی نہیں بنائی گئی،پرتشدد کارکنوں کو سرکاری املاک کی طرف جانےسےروکا نہ جانا افسوسناک ہے،وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ ان واقعات کو روکتیں ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی سوالات کئے ،وزیر داخلہ نے کہاکہ کسی بھی خون خرابے سے بچنے کیلئے صبرو تحمل کا مظاہرہ کیا گیا،ایسے واقعات میں ملوث عناصر کی گرفتاریاں جاری ہیں۔