شاہ چارلس نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی،وزیراعظم

اسلام آباد(امت نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے پاکستان کے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے
شہباز شریف نے اجلاس میں وفاقی کابینہ کو اپنے دورہ برطانیہ سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انکا برطانیہ کا دورہ انتہائی کامیاب رہا۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ انہوں نے کنگ چارلس سوم کو ان کی تاجپوشی پر مبارکباد دی اور ان تک پاکستانی عوام کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ انہوں نے کنگ چارلس سوم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جو انہوں نے قبول کرلی۔
انہوں نے بتایا کہ برطانوی وزیرِ اعظم رشی سینک سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
دریں اثنا وفاقی کابینہ نے آراسٹریٹ واشنگٹن ڈی سی میں واقع پاکستان چانسری کی پرانی عمارت سب سے بہترین آفر میں فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ عمارت کے لیے 7.1 ملین ڈالرز کی آفر آ چکی ہے۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 28 اپریل 2023 میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔