کراچی(اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاﺅن کے علاقے میں جاری غیر قانونی تعمیرات کے ماسٹر مائنڈ اسسٹنٹ ڈائریکٹر عدیل قریشی نے ناجائز اثاثہ جات ملک سے باہر منتقل کرنا شروع کر دیے ہیں جس کے لئے عدیل قریشی حوالہ ہنڈی کا سہارا لے رہا ہے ، رواں ماہ عدیل قریشی نے غیر قانونی تعمیرات کی مد میں سرجانی ٹاﺅن کے بلڈروں سے 4کروڑ روپے سے زائد کی رقم بطور رشوت وصول کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت سرجانی ٹاﺅن کے سیکٹر 4Cکے پلاٹ نمبر B192 پر بھی بلڈر عاصم عرف ناظم آباد والے کی جانب سے دو منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ تیسرے فلور کو تعمیر کرنے کی تیاریاں بھی بلڈر کی جانب سے جاری ہے ، واضح رہے کہ یہ پلاٹ رہائشی ہے اور اس پر کسی بھی صورت میں فلیٹ سائٹ تعمیر نہی کی جا سکتی ہے مگر بلڈر کی جانب سے سسٹم کو 20لاکھ روپے ادا کرکے یہ غیر قانونی تعمیرات 70فیصد تک مکمل کر لی گئی ہے ، اسی طرح سرجانی ٹاﺅن کے سیکٹر 4Dکے پلاٹ نمبر R48پر بھی بلڈر گڈو عرف قصائی کی جانب سے دو منزلہ فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے جبکہ یہ پلاٹ بھی مکمل رہائشی ہے اور اس پلاٹ پر غیر قانونی کمرشل تعمیرات کرنے کی مد میں بھی بلڈر کی جانب سے ایس بی سی اے کے افسران کو 15لاکھ روپے کی رشوت ادا کی گئی ہے ،
اسی طرح سرجانی ٹاﺅن سیکٹر 5Bمیں پلاٹ نمبر SR49پر بھی بلڈر کی جانب سے تین منزلہ فلیٹ سائٹ اور پانچ دکانیں تعمیر کی گئی ہیں اور اس تعمیرکی مد میں بلڈر کی جانب سے ایس بی سی اے افسران کو 52لاکھ روپے کی رشوت ادا کی گئی ہے، سرجانی ٹاﺅن کے سیکٹر 4Dکے پلاٹ نمبر SR19پر بھی خلاف ضابطہ تیسری منزل کی تعمیر جاری ہے جبکہ اس پلاٹ پر بلڈر کی جانب سے فلیٹ سائٹ تعمیر کی گئی ہے، اسی طرح سرجانی ٹاﺅن سیکٹر 5Cکے پلاٹ نمبر SR49پر بھی بلڈر کی جانب سے چار دکانیں اور تین منزلہ فلیٹ سائٹ نقشے کے بر خلاف تعمیر کی جا رہی ہے ، پلاٹ نمبر R569سیکٹر 5Cپر بھی بلڈر نے دو منزلہ فلیٹ سائٹ ایس بی سی اے کے راشی افسر عدیل قریشی کو لاکھوں روپے رشوت دے کر تعمیر کی ہے جسے ماضی میں ایس بی سی اے کے عملے کی جانب سے منہدم بھی کیا گیا تھا ، سیکٹر 5Bکے پلاٹ نمبرR16پر بھی بلڈر کی جانب سے 5دکانیں تعمیر کی گئی ہیں اور یہ پلاٹ مکمل طور پر رہائشی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدیل قریشی اس وقت سرجانی ٹاﺅن میں ہونے والی غیر قانونی تعمیرات کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے جس نے رشوت کی مد میں حاصل ہونے والی رقوم بیرون ممالک منتقل کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور اس معاملے میں موصوف حوالہ ہنڈی کا راستہ اختیار کر رہے ہیں تاکہ بیرون ممالک رقم منتقلی کا کسی کا علم نا ہو سکے ، عدیل قریشی کو پٹہ سسٹم کے اہم کردار سمیع جملانی نے مذکورہ علاقے میں تعینات کروایا ہے جبکہ عدیل قریشی اپنے ساتھ اپنی ٹیم کے دو افسران ڈپٹی ڈائریکٹر سجاد عرف کوچی اور فیصل عرف موٹا کو بھی مذکورہ علاقے میں لے کر آئے ہیں- ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ افسران سرجانی ٹاﺅن کے علاقے سے رواں ماہ 4کروڑ روپے سے زائد کی رقم اب تک غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈروں سے جمع کر چکے ہیں۔