زرتاج گل کے گرد گھیرا تنگ،مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ

لاہور(امت نیوز)اینٹی کرپشن نےسابق وفاقی وزیر زرتاج گل کے خلاف کرپشن کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرلیا
تحریک انصاف کی رہنما زرتاج گل کوترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں کی مد میں کروڑوں روپے کی خوربرد کے معاملے پر آج طلب کررکھا تھا، قبل ازیں زرتاج گل کو 10 اور 19 اپریل، اور11 مئی کو بھی طلب کیا گیا تھا مگر وہ پیش نہ ہوئیں۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے انہیں آج پیش ہونے کے لیے آخری نوٹس جاری کیا تھا مگر عدم پیشی پر ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل نے اپنے حلقے میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں کے ٹھیکے اپنے فرنٹ مینوں کو مارکیٹ سے کم ریٹ پر دیے اور اپنے خاوند ہمایوں رضا اخوند کے ساتھ مل کر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے منصوبوں کو ریوائزکروا کر لاگت دوگنا کروائی۔
اینٹی کرپشن کے مطابق زرتاج گل اور ان کے خاوند ہمایوں رضا نے منصوبوں کو ریوائز کروا کر سرکاری خزانے کو کروڑوں کا ٹیکہ لگایا اور تمام منصوبوں کے ٹھیکے اپنے فرنٹ مینوں کو دے کر بھاری رشوت وصول کی۔
اینٹی کرپشن نے زرتاج گل کے علاوہ ان کے خاوند ہمایوں رضا اخوند، پرائیویٹ سیکرٹری محمود بھٹی کو بھی آج طلب کر رکھا تھا۔