اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کل پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
انہوں نے کہا کہ بھارت جو ہمارے ساتھ نہیں کر پایا وہ پاکستان تحریک انصاف نے کر دکھایا۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کہا گیا کہ ان واقعات کی مذمت کریں، انہوں نے مذمت سے بھی انکار کردیا۔ جب یہ ہی لوگ کل عدالتوں کو آگ لگائیں گے تو عدالت کہے گی کہ دیکھ کر خوشی ہوئی؟
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ کیا عدالت کے احاطے سے صرف ایک شخص کی گرفتاری ہوئی؟ توہین عدالت میں ہمیں فارغ بھی کردیا تو کوئی بڑی بات نہیں ہے، ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں
مولانا فضل الرحمان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ آج جو فیصلہ آیا ہے اس کی آڈیو ایک روز پہلے چل چکی تھی۔ آج جو آڈیو آئی ہے اس میں کل کے فیصلے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے شہدا کی یادگار کو توڑا، ان کے لیڈر کے آنے پر کہا گیا کہ آپ کے آنے سے خوشی ہوئی۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ ان پر غداری کا مقدمہ درج ہوتا