پشاور(امت نیوز)پاک فوج کے بروقت اقدامات کی بدولت ریڈیو پاکستان پشاور کی نشریات بحال کردی گئیں
مشتعل مظاہرین نے 9 مئی کو احتجاج کے دوران مختلف سرکاری املاک سمیت ریڈیو پاکستان پشاور پر حملہ کیا اور اُسے نقصان پہنچایا تھا۔
حملوں میں ریڈیو پاکستان پشاورکی عمارت کو آگ لگائی گئی جس سے اسے نقصان پہنچا اور نشریات کا عمل متاثر ہوا۔ پاکستان آرمی نے فوری طور پر حرکت میں آکر ریڈیو پاکستان پشاور کی نشریات کو بحال کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
پاکستان آرمی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں میں بجلی کی فوری بحالی ، صفائی کے انتظام کے لئے 100 سے زائد عملہ فراہم کرنا، ٹوٹ پھوٹ کی شکار جگہوں کی مرمت کرنا اور ٹرانسپورٹ مہیا کرنا ہے اس کے علاوہ فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ریڈیو پاکستان پشاور کو مالی امداد بھی دی گئی۔