پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں میں عارف علوی کے حوالے سے اختلافات- چیئرمین بھی صدر کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔فائل فوٹو
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنمائوں میں عارف علوی کے حوالے سے اختلافات- چیئرمین بھی صدر کی کارکردگی سے ناخوش ہیں۔فائل فوٹو

صدر علوی نے عمران خان کواداروں سے تناؤ کم کرنے کا مشورہ دے دیا

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو  اداروں کے ساتھ تناؤ کم کرنے اور لچک دکھانے کا مشورہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے  جمعرات کو  رات گئے پولیس لائینز گیسٹ ہاؤس میں عمران خان سےملاقات جس میں ملکی  صورت حال کے علاوہ  حالیہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں  انسانی جانوں کے ضیاع پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر انہوں نے عمران خان کو عسکری حکام پر تنقید سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہااس سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاسی بحران کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے۔دریں اثنا  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انہوں نے موجودہ صورت حال کے حوالے سے سیاسی اور عسکری قیادت کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں عارف علوی نے کہا کہ انسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا اورقابل افسوس ہے، احتجاج ہر پاکستانی کا آئینی حق ہے لیکن احتجاج ہمیشہ قانون کے دائرے میں کیا جانا چاہیے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ بعض شرپسندوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا، سرکاری اور فوجی عمارت کو پہنچائے جانے والے نقصان کی مذمت کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جبر اور گرفتاریوں کے بجائےمعاملات کا سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا۔