عمران خان کی رہائی، پی ڈی ایم کا اجلاس طلب آج ہوگا

اسلام آباد (امت نیوز) موجودہ سیاسی صورت حال پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت سربراہ پی ڈی ایم اور جمعیت علما اسلام (ف ) مولانا فضل الرحمان کریں گے۔ دوسری  جانب اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چیف جسٹس نے عمران خان سے کہا آپ کے آنے سے بہت خوشی ہوئی، پی ٹی آئی کے غنڈوں نے جی ایچ کیو پر حملہ کیا، یادگار شہداء کو اکھاڑ دیا، پتھر مارے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کل فوری طور پر پی ڈی ایم اجلاس بلا رہے ہیں جس میں فیصلہ کریں گے سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہمیں کیا ردعمل دینا ہے، عدالت کا احترام کرتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہم اپنا ردعمل نہ دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اربوں کے غبن کے ملزم کو ریلیف دیا گیا، جو کچھ بھارت نہیں کرسکا وہ پی ٹی آئی نے کردیا، لہٰذا تحریک انصاف کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج ہونا چاہئے۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ کچھ آڈیو لیک ہوئی جس کی وجہ سے سب کومعلوم تھا کہ آج عمران خان کو ریلیف مل جائے گا، خواجہ طارق رحیم کہتے ہیں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس کیانی کے سامنے عمران خان کو پیش کیا جائے گا اور کل عمران کو ضمانت بھی مل جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر توہین عدالت کے الزام میں چیف جسٹس فارغ کرسکتے ہیں تو کبھی یہ نہیں دیکھا، ہم کشتیاں جلاکر میدان میں اترتے ہیں۔