اسلام آباد (امت نیوز) پولیس نے موٹر سائیکل کے ذریعے انوکھے طریقے سے کوئٹہ سے کراچی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ماموں بھانجا کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں موٹر سائیکل پر انوکھے طریقے سے منشیات اسمگل کی کوشش ناکام بنا دی گئی ، موچکو پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے کراچی منشیات اسمگل کرنے والے ماموں بھانجے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی کیماڑی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ موچکو پولیس کی اسنیپ چیکنگ جاری تھی اسی دوران 2 موٹرسائیکل سوار نوجوانوں جن کی عمر 16 اور 20 سال تھی کو روکا گیا۔
فدا حسین جانوری کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گھبراہٹ اور شک کی بنیاد پر جب موٹرسائیکل چیک کی تو پولیس پارٹی خود حیران رہ گئی، ملزمان نے انتہائی مہارت سے موٹرسائیکل کی سیٹ سے فوم نکال کر چرس کے 12 کلو سے زائد وزنی 10 پیکٹ رکھ کر اوپر ریگزین کور چڑھا دیا تھا اور اس کے بعد موٹرسائیکل کا کپڑا بھی ڈھک دیا تھا تاکہ کسی کو شک نا ہو۔ ایس ایس پی کے مطابق گرفتار منشیات سپلائرز میں جان محمد اور عبدالنبی شامل ہیں جو کہ ماموں بھانجا ہیں۔
ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ان کا کوئٹہ خضدار سے کراچی پانچواں چکر تھا ملزمان کو منشیات سپلائی پر فی پیکٹ 35 سو روپے ملتے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا عمل شرو ع کردیاگیا ہے ۔