عدالت نے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین سے وضاحت طلب کرلی، فائل فوٹو
عدالت نے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین سے وضاحت طلب کرلی، فائل فوٹو

اسلام آباد ہائیکورٹ:عمران کیخلاف توشہ خانہ کیس کی کارروائی روکنےکا حکم

اسلام آباد(امت  نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکم امتنازع جاری کردیا۔ عدالت نے عمران خان کی ٹرائل روکنے کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس کی کارروائی تاحکم ثانی معطل رہے گی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقلی کی درخواست پر سماعت کررہے ہیں۔ عمران خان کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ایک عدالت منتقلی کا بھی کیس ہے، جس پر وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ جی ایک عدالت منتقلی کا کیس ہے، دوسری درخواست میں کیس کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا ہے۔ خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہی نہیں، فواد چوہدری کی اپیل بھی دائر کی ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیے کہ آج تو ہر طرف ہمارے ارگرد اسلحہ ہی ہے۔

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے لیے کمپلینٹ مجاز اتھارٹی کی جانب سے داخل نہیں کرائی گئی، الیکشن کمیشن نے مجاز اتھارٹی مقرر کرنے کا کوئی لیٹر پیش نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے صرف اپنے آفس کو کمپلینٹ فائل کرنے کا کہا، مجاز اتھارٹی کے بغیر دائر کمپلینٹ پر سماعت نہیں ہوسکتی۔