پی ڈی ایم نے سپریم کورٹ کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیرکو سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج اور دھرنے کا اعلان کر دیا۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مجرم کو کیفرکردار تک پہنچانے کے بجائے اسے تحفظ دیا جارہا ہے،عدلیہ آئین و قانون سے ماورا فیصلے دے رہی ہے،کیا ایسی رعائتیں تین بار کے وزیراعظم نوازشریف کو دی گئی تھیں؟ نوازشریف کو بیمار اہلیہ کی خیریت پوچھنے کیلئے فون تک نہیں کرنے دیا گیا،ان کاکہناتھا کہ ملک میں دہشت گردی ہورہی ہے اور عدالت اسے تحفظ دے رہی ہے۔

پی ڈی ایم نے سپریم کورٹ کے رویے کے خلاف احتجاج کا اعلان کر دیا،سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ پوری قوم پیر کو سپریم کورٹ کے باہر جمع ہو،سپریم کورٹ کو بتایا جائے گا کہ وہ ’مدر آف لا‘ ہے ’مدر ان لاء‘ نہیں، ہم 2-3کا فیصلہ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ تمام کارکن سب کام چھوڑ کر پیر کو سپریم کورٹ کے باہر پہنچیں،پوری قوم پیر کو سپریم کورٹ کے باہر جمع ہو، کسی نے ٹیڑھی آنکھ سے دیکھا تو ڈنڈے، مکے، تھپڑ اور روڑے سے جواب دیا جائے گا۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہاکہ ڈبے سے گھی باہر نہیں نکلے گا تو انگلیاں ٹیڑھی کریں گے، عمران خان کیلئے سب کچھ داؤ پر لگایا گیا ہے۔