لاہور؍ پشاور(امت نیوز)پولیس نے قومی املاک کو نقصان پہنچانے اور اداروں پر حملہ آور ہوکر پرتشدد کارروائیوں میں ملوث670شرپسند عناصر کو گرفتار کر لیا۔ان شر پسند عناصر نے لاہور پولیس کے زیر استعمال 22 گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کے حکم پر شر پسند عناصر کے خلاف 34ایف آئی آرز درج کی گئی۔ ان مقدما ت میں کینٹ ڈویژن میں 16،ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 10مقدما ت،سول لا ئنز ڈویژن میں 7مقدمات جبکہ صدرڈویژن میں 01مقدمہ درج کیا گیا۔سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ شرپسند عناصر کے ساتھ کوئی نرمی روا نہیں رکھی جائے گی اور سرکاری و نجی املاک، قومی اداروں اور پولیس پر حملہ کرنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرکاری و نجی اداروں پر حملوں، توڑ پھوڑ، تشدد اور جلاؤگھیراؤ میں ملوث 3368 شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ادھرکے پی پولیس نے ایک ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے، اور ان کے خلاف 42 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔