ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی)آل ٹریڈرز فیڈریشن ایبٹ آباد کی مرکزی کابینہ کے الیکشن کے لئے تاجروں کے بڑے پانچ گروپ متحرک ہیں۔تاجر اتحاد ،کینٹ سٹی تاجر اتحاد ،ایبٹ آباد بزنس کونسل ،نعیم اعوان گروپ اور علی اصغر خان گروپ نے جنرل باڈی ممبران سے رابطے تیز کر رکھے ہیں۔ایبٹ آباد کے جا ری ذیلی بازاروں کے الیکشن میں کامیاب ہونے والے صدور اور جنرل سیکرٹریز کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔جب کہ تاجروں نے بھی ایبٹ آباد میں مرکزی سطح پر متفقہ الیکشن کمیشن کے زریعے متفقہ قیادت کو سامنے لانے کی لابنگ شروع کی ہوئی ہے۔آل ٹریڈرز فیڈریشن ایبٹ آباد کے 2018 کے الیکشن میں تاجر اتحاد کے امیدوار سردار شاہنواز صدر اور سجاد خان جدون نے مدمقابل گروپ کینٹ سٹی تاجر اتحاد سے کانٹے دار مقابلہ کے بعد صرف ایک ووٹ سے سبقت حاصل کی تھی ۔