رحیم یار خان (اُمت نیوز ) پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں 10 سالہ گھریلو ملازمہ ظلم کا نشانہ بن گئی ، مالکن کی جانب سے بچی پر چوری کا الزام لگا کر بدترین تشدد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عروسہ نامی مالکن نے بچی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اس کے جسم پر جگہ جگہ زخموں کے نشانات موجود ہیں جبکہ متاثرہ بچی مہرین نے بتایا کہ مالکن لوہے کے راڈ سے تشدد کرتی رہی اور گرم استری بھی لگائی۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے واقعہ کا نوٹس لینے پر رحیم یار خان پولیس نے مالکن عروسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمین پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، 10 سالہ مہرین کیساتھ انصاف ہو گا اور مالکن کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔