راولپنڈی میں میٹرو سٹیشنز کی تباہی سے ساڑھے 51 روپے کا نقصان

راولپنڈی (امت نیوز)راولپنڈی میں میٹروسٹیشنزکی تباہی سے 51 کروڑ روپے 53 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، سب سے زیادہ متاثرہ سکستھ روڈ سٹیشن 37 کروڑ 76 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایاگیاہے۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کا دورہ کیا اور سیا سی جماعت کی جانب سے دوران احتجاج میٹرو بس سٹیشن کو پہنچنے والے نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ’ اسسٹنٹ کمشنر سٹی بلاول علی’ ڈی جی آر ڈی اے اور دیگر محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر نے سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔کمشنر کو میٹرو بس سٹیشن پر نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن پر 107 ملین اور مجموعی طور پر 146 ملین کے نقصانات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس موقع پر کمشنر کا کہنا تھا کہ میٹرو بس سروس عوام کے لیے معیاری سفری سہولت ہے۔انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ہر شہری کو قومی اور عوامی اثاثوں کی حفاظت خود کرنی چاہیے۔شر پسند عناصر سے سختی سے نپٹا جائے گا۔کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کمشنرنے متعلقہ احکام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکستھ روڈ میٹرو بس سٹیشن پر ہونے والے نقصانات سے عوام متاثر ہوئے ہیں۔انتظامیہ شرپسندی میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عارضی طور پر بند میٹرو بس سٹیشن کو عوام کے لیے جلدکھول دیا جائے۔کمشنر نے تخمینہ لگانے والی کمیٹی کو جلد کام مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے شرپسندوں نے راولپنڈی میں 4 سٹیشنزتباہ کردیئے ہیں۔