کراچی: تحریک انصاف کے رہنما محمود مولوی نے پارٹی اور قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
محمود مولوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی پارٹی بدل سکتے ہیں مگر فوج نہیں بدل سکتے،اداروں اور اسٹیبلشمنٹ سے لڑائی کاحامی نہیں ہوں۔ انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت چھوڑنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف جانے کا جواز نہیں بنتا، انفرادی شخص سے جھگڑا ہو سکتا ہے۔ فوج کے خلاف نہ پہلے کبھی گیا، نہ ہی جاؤں گا۔ وہ کام نہ کریں جو شفاف نہ ہو، کاروبار چھوڑ کر سیاست میں آیا تھا۔ دنیا سے عزت اور وقار سے جانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا باپ وہ نہیں کر سکا جو ان لوگوں نے کر دیا۔ پاک فوج پر ایک ٹکٹ تو کیا 100 ٹکٹیں قربان، آج کہتے ہیں فوج خراب ہے تو کیا افغانستان یا کسی اور ملک سے فوج لے آئیں۔
ان کا کہناتھا کہ پارٹی کے کچھ لوگوں نے کہا کہ عمران خان کو پکڑا تو جی ایچ کیو جائیں گے۔ آج کل ٹکٹ کیلئے سارے پارٹی لیڈرز سے خوفزدہ ہیں، سب کو کہتا ہوں خوف کے بت توڑ دیں۔ استعفیٰ دے کر کسی پارٹی میں نہیں جا رہا، تحریک انصاف کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے رہا ہوں۔