اسلام آباد(امت نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار کرنے سے روک دیا
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فواد چوہدری کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی آر کی کاپی درخواست کے ساتھ نہ لگانے کا رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کیا جاتا ہے۔
بعدازاں ہائیکورٹ نے پولیس کو فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا اور حکم دیا کہ فواد چوہدری کو ایسے مقدمہ میں بھی گرفتار نہ کیا جائے جس کا انہیں علم نہ ہو۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے یہ بھی فیصلہ دیا کہ اسلام آباد کی حد تک فواد چوہدری کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے فواد چوہدری کی دو دن کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کی اور آئی جی اسلام آباد کو خصوصی میسنجر کے ذریعے آرڈر کی کاپی بھجوانے کی ہدایت بھی کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو میں وکیل فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ فواد چوہدری کو عدالت سے ریلیف مل گیا ہے، عدالت نے کہا کہ انہیں کسی کیس میں گرفتار نہ کریں۔