اسلام آباد (امت نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج بھی چیف جسٹس آف پاکستان کے نقش قدم پر چل پڑے۔ سپریم کورٹ سے وضاحتوں کے بعد ‘گڈ ٹو سی یو’ کی گونج اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گئی۔
آج فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران آئی جی اسلام آباد عدالت میں پیش ہوئے تو جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب نے ان سے کہا ‘ آئی جی صاحب گڈ ٹو سی یو’۔ جج کے آئی جی سے مکالمے پر کمرہ عدالت میں موجود تمام افراد ہنس پڑے۔
واضح رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کےبعد سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر چیف جسٹس نے عمران خان کو دیکھ کر کہا تھا ’ویلکم خان صاحب! آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔‘ چیف جسٹس کے ریمارکس پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ میں سول مقدمے کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے وکیل اصغر سبزواری سے مکالمہ کیا کہ آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی، کافی وقت بعد آپ میری عدالت آئے۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ آپ کو دیکھ کرخوشی ہوئی، یہ میں ہرکسی کو کہتا ہوں، مجھے ’گڈ ٹو سی یو‘ کہنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے مزید کہا کہ میں ہر ایک کو احترام دیتا ہوں ،ادب و اخلاق تو سب کے لیے ضروری ہے، ادب و اخلاق کے بغیر مزا نہیں۔