فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران کے ساتھ فری ٹریڈ کو جلد حتمی شکل دیں گے، شہبازشریف

پشین: وزیرِ اعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ آج ایرانی صدر کے ساتھ بہت مفید اور مثبت گفتگو ہوئی، ایران کے ساتھ فری ٹریڈ کو جلد حتمی شکل دیں گے۔

پشین میں پاک ایران بارڈر پر مشترکہ مارکیٹ کے افتتاح کے موقع پر وزیرِ اعظم شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سرحد پر بارڈر مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا، بارڈر مارکیٹ کے قیام سے علاقے میں ترقی اور خوش حالی آئے گی، مستقبل میں ٹریڈ کے مراکز بنیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے بھائی ایرانی صدر کو پاکستان آنے کی دعوت دی، ایرانی صدر نے کہا ہے کہ وہ ضرور پاکستان آئیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران برادر اور ہمسایہ ممالک ہیں، دونوں ممالک کو تجارت، زراعات اور دیگر شعبوں میں تیزی سے آگے بڑھنا چاہیے۔

وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ ایران سے بجلی کی ٹرانسمیشن سے متعلق بہت گنجائش ہے، اس میں مل کر آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سولر انرجی میں بہت گنجائش ہے، ہمیں تیزی سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ایرانی صدر سے مفید اور مثبت گفتگو ہوئی، تجاویز پر عمل درآمد کے لیے تیزی سے قدم اٹھائیں گے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ایران دونوں اطراف کی مارکیٹ کا افتتاح کیا گیا، ایران اور پاکستان مل کر دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی و خوش حالی لا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شمسی توانائی کے حوالے پاکستان اور ایران کے وفود آئیں گے، گوادر کے لیے 100 میگا واٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ بہت تاخیر کا شکار تھا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ گوادر کے لیے 100 میگا واٹ بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کا منصوبہ سرد خانے میں تھا، گوادر میں اب ایران سے روز سو میگا واٹ بجلی کی ترسیل ہو گی، جس کے ٹیرف کے لیے ایران سے بات کی جائے گی۔

اس موقع پر ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ منصوبے پر پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتاہوں، توانائی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تجارت کا فروغ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے سے دونوں ممالک میں روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے، منصوبے کی تکمیل میں شامل تمام افراد کا شکریہ ادا کرتاہوں۔