اسلام آباد(امت نیوز)ٹھیکے میں ساڑھے 8ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین نادرا محمد طارق ملک کے اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کرلیں۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد چیئرمین نادرا کے اثاثہ جات پر تحقیقات کر رہا ہے ، اس سلسلے میں ایف آئی اے نے 19 مئی کو چیئرمین نادرا کو طلب کر رکھا ہے۔ایف آئی اے نے نادرا ٹھیکے میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ذرائع کے مطابق نادرا ہیڈ کوارٹر سے ریکارڈ بھی تحویل میں لیا جا چکا ہے، نادرا ٹھیکے میں 30 ملین امریکی ڈالر (8ارب 55کروڑروپے)کی مبینہ کرپشن ہوئی۔نادرا نے مہنگے داموں ٹھیکہ من پسند بین الاقوامی کمپنی کو دیا تھا، مہنگے ٹھیکے سے قومی خزانے کو کروڑں روپے کا نقصان ہواہے۔