کراچی : متحدہ لندن کا دہشت گرد جعلی پیر بن کر عوام کو دھمکانے لگا

کراچی(رپورٹ۔ علی عباس)ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد نعمان عرف ببر جعلی پیر بن گیا۔ماضی میں اسلحے کے زور پر عوام کو لوٹتا رہا۔اب جادو ٹونے کی دھمکیاں دے کر لوٹ مار کا دھندہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب ایک رہائشی عمارت کے فلیٹ میں آستانہ قائم ہے۔یہ آستانہ ایم کیو ایم لندن کے سابق دہشت گرد نعمان عرف ببر نامی شخص نے کھولا ہوا ہے۔مکینوں نے نعمان عرف ببر کے دھمکیوں سے تنگ آکر امت سے رابطہ کیا،جس کے بعد امت نے جب معلومات حاصل کرنا شروع کی تو مکینوں کے الزامات کافی حد تک درست ثابت ہوئے۔مکینوں اور فلیٹ کی یونین کے چند افراد نے نام ظاہرنہ کرنے پر بتایا کہ چند سال قبل رینجرز نے نیوکراچی میں چھاپہ مارکر مختلف نوعیت کے مقدمات میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے دہشت گرد نعمان عرف ببر کو گرفتار کیا تھا،جس کو تفتیش کے بعد نیوکراچی پولیس کے حوالے کردیا گیا تھا۔

چند سال جیل کاٹنے کے بعد رہا ہوکر اس نے ایک مذہبی تنظیم میں شمولیت اختیار کرلی۔اس کے بعد داڑھی،آنکھوں میں سرمہ اور معطر کرتا استعمال کرنے لگا اور اچانک ہی نعمان عرف ببر پیر بن کر سامنے آیا، تو علاقہ مکینوں نے حیرت میں مبتلا ہوگئے۔مکینوں کے مطابق پہلے نعمان اسلحے کے زورپر لوگوں میں خوف پھیلاتا تھا۔اب جعلی پیر بن کر کالے علم اور جادو کی دھمکیاں دینے لگا ہے۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ نعمان عرف ببر پارٹی کے زور پر شہر میں سائن بورڈ لگواتا تھا۔ناگن چورنگی سے لیکر جہاز والی چورنگی تک ٹھیلے، پتھاروں،ہوٹلوں، دکانوں والوں سے بھتے وصول کرتا تھا۔اب بھی اس دھندے میں ملوث ہے۔بھتہ نہ دینے پر نعمان عرف ببر کالا جادو کرنے کی دھمکی دیتا ہے۔ رہائشی عمار ت کے مکینوں اور یونین نے امت کے توسط سے پولیس اور رینجرز حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔