لاہور(اُمت نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے سینئر صحافی عمران ریاض کی بازیابی کیلئے آئی جی پنجاب کو کل تک مہلت دے دی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے عمران ریاض کے والد کی درخواست پر سماعت کی۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور عدالت پیش ہوئے اور بازیابی کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ آئی جی پنجاب عثمان انور نے عدالت کو بتایا ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کوشش کر رہے ہیں، اشتہاری چار چار سال نہیں ملتے، لگتا ہے عمران ریاض خود چھپ گیا ہے، عمران ریاض جیل کے باہر سے خود گیا ہے۔ چیف جسٹس کے حکم پر کمرہ عدالت میں جیل فوٹیج چلائی گئی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے حیران ہوں جیل کے باہر سیکورٹی نہیں ہوتی۔ آئی جی نے جواب دیا، یہ جیل والے ہی بتا سکتے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا اگر جیلوں کی یہ صورتحال ہے تو افسوس کر سکتا ہوں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19 مئی تک ملتوی کر دی۔