کراچی (اُمت نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر کی شہادت پر ہنگامہ برپا تھا لیکن زرداری صاحب نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
بلاول ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان نے کہا کہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملہ آور ہونے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے، ذمے داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ ملک کیلئے سیاہ دن ہے، افسوس سے کہتے ہیں پاکستان کی تاریخ نے کبھی ایسا منظر نہیں دیکھا، کڑے سے کڑے حالات میں پیپلز پارٹی نے کبھی ایسا قدم نہیں اٹھایا۔
شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے تمام اقدامات باقائدہ منصوبہ بندی سے کیے، ان کا یہ کہنا تھا کہ خان ہے تو پاکستان ہے، ہم اس کی نفی کرتے ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، آپ ہدایات بار بار دے رہے ہیں پھر کہتے ہیں ہم نہیں تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بینچ کی شفقت ان پر ماں کی طرح تھی، ملک میں مردم شماری یکساں معیار کے مطابق ہونی چاہیے، سی ای سی نے معاشی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا جبکہ پارٹی نے بلاول بھٹو کی سفارتی جدوجہد کو بھی سراہا ہے۔