متحدہ لندن کا دہشت گرد جعلی پیر گھوسٹ ملازم بھی نکلا

کراچی(رپورٹ:علی عباس)ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد جعلی پیر ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کا گھوسٹ ملازم نکلا۔امت نے گھوسٹ ملازم کا ریکارڈ حاصل کرلیا۔امت میں ایم کیو ایم لندن کے سابق دہشتگرد جعلی پیر نعمان عرف ببر کی خبر شائع ہونے کے بعد سرکاری ملازمین نے بھی امت سے رابطہ کیا اورانھوں نے بتایا کہ نعمان عرف ببر جعلی پیر ہیلتھ آفس ڈسٹرکٹ ویسٹ کا گھوسٹ ملازم ہے ، ایم کیو ایم نے اس کو ہیلتھ آفس ڈسٹرکٹ ویسٹ میں بطور چوکیدار بھرتی کرایا تھا،جس کی تمام الاؤنس ملا کر 45 ہزار روپے تنخواہ بنتی ہے، جو بھرتی ہونے کے بعد ایک بار بھی ڈیوٹی پر نہیں گیا۔جیل میں قید کاٹنے کے باوجود اس کی تنخواہ برابر ملتی رہی اور آج بھی تنخواہ وصول کررہا ہے۔

امت نے جعلی پیر نعمان عرف ببر کے پے سلپ حاصل کر لی۔جس کا ایمپلائی نمبر 10779507اس کی پوسٹ چوکیدار ہے ،اسکا پورا نام نعمان اختر خان ولد محمد اختر خان ہے ،نعمان ببر کی تنخواہ 11ہزار 740روپے ،ہاوس اولائنس 2000،میڈیکل الاونئس1ہزار375روپے اور لانڈری و دیگر الاوئس سمیت مجموعی پر اسکی تنخواہ 44ہزار 919روپے بنتی ہے۔ محکمہ صحت کے ملازمین نے بتایا کہ نعمان عرف ببر نے ایم کیو ایم کے کوٹے پر بھرتی ہونے کے بعد ایک دن بھی اپنی ڈیوٹی نہیں کی۔جب ان کا دور تھا۔وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہوکر آتا تھا۔اس وجہ سے اعلیٰ افسران بھی اس سے گھبراتے تھے۔ایک بار نعمان عرف ببر نے اپنے ایک افسر کو دفتر کے اندر ہی پیٹ ڈالا تھا اور اس کی تنخواہ بھی رکوا دی تھی۔

نعمان عرف ببر نے کافی لوگوں کو تنگ کیا ہوا تھا اور اب وہ اپنے آپ کو ایم کیو ایم پاکستان کا ذمہ دار ظاہر کرتا ہے،جس کی وجہ سے اب بھی تنخواہ وصول کررہا ہے۔ملازمین کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دوسرا ملازم ایک دن کی چھٹی کرلے تو افسر اس کی تنخواہ کاٹ لیتا ہے،لیکن نعمان سالہا سال سے مفت کی تنخواہ وصول کررہا ہے،تاہم اس سے پوچھنے والا کوئی نہیں ہے ۔