تربیلا ڈیم ،200 مقامی مزدوروں کو فارغ کیے جانے کا انکشاف

تربیلا غازی (نامہ نگار)تربیلا ڈیم پانچواں توسیعی منصوبہ ، نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر چیف انجنیئر وسیم رضا کی تعیناتی کے ساتھ ہی 200 مقامی مزدوروں کو ملازمت سے فراغت کے پروانے تھما دئیے گئے ، جبکہ من پسند افراد کو دور دراز کے اضلاع سے ٹرک میں لاد کر بھرتی کردیا گیا،مزدوروں کی بھرتیوں اور برطرفیوں سمیت جی آر سی کے مقامی نمائندوں اور سیاسی قیادت کو بائی پاس کرنے کی روش جاری،عوام کا چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ابی وسائل پیر صابر شاہ سے معاملہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ، باخبر ذرائع کے مطابق 1530 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے ٹی 5 میں واپڈا کے اعلیٰ حکام اور غیر ملکی تعمیراتی کمپنی پاور چائنہ کی ملی بھگت سے متاثرین اور مزدور کش پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے،ورلڈ بینک کے نمائندوں کے دوروں کو بھی مخفی رکھا جاتا ہے، ٹی 5 پروجیکٹ میں تعینات واپڈا کے دو اعلیٰ کرپٹ آفیسرز کی اقرباء پروری اور کرپشن کی کہانیاں زبان زدِ عام ہیں، نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر چیف انجنیئر وسیم رضا کی تعیناتی سے امید ہوچلی تھی کہ معاملات سدھرجائیں گے، لیکن نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی کے ساتھ ہی سب کنٹریکٹر نے گروٹنگ اور ڈرلنگ سیکشن سے 200 مقامی مزدوروں کو ملازمت سے فراغت کا اوپن نوٹس جاری کردیا ہے،جبکہ انہی مقامی مزدوروں کی جگہ پنجاب کے دور دراز اضلاع سے کم اجرت اور رشوت کے عوض مزدوروں کو ٹرکوں میں لاد کر بھرتی کیا جارہا ہے، گزشتہ رات مزدوروں کی پہلی کھیپ پہنچ چکی ہے،200 مزدوروں کی برطرفی سے غازی اور ٹوپی کے علاقوں میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے ،جو کسی طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، جبکہ واپڈا کے دو مذکورہ کرپٹ آفیسرز تعمیراتی کمپنی سے اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کی خاطر اعلیٰ حکام کو سب اچھا کی رپورٹ دے رہے ہیں،واضح رہے تر بیلا پانچویں توسیعی منصوبے سے بجلی کی پیداوار2025ء میں شروع ہو جائے گی، منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگا واٹ ہے، عالمی بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی معاونت سے تعمیر کیاجارہا ہے،منصوبے کی تکمیل سے تربیلا سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگا واٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگا واٹ ہو جائے گی۔