حکومت نے عوام کو مسلح لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا، سراج الحق

کوئٹہ (اُمت نیوز)امیرِ جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو مسلح لوگوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا ہے، حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہو گئی ہے، ان حالات و واقعات کا ذمے دار کون ہے؟

کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ بلوچستان کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جاتی رہے گی، بلوچستان کا مستقبل روشن ہے، 19 مئی کو ژوب میں جلسہ تھا، راستے میں نوجونواں اور بزرگوں نے استقبال کیا، اس موقع پر ہم پر خود کش حملہ ہوا، اللّٰہ کا شکر ہے کہ خودکش منصوبے کو ناکام بنایا۔
امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ پینے کے لیے ترس رہے ہیں، یہاں بےامنی ہے، بےروزگاری ہے، مولانا ہدایت الرحمٰن نے گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے دھرنے دیے، ہمارا اب بھی عزم ہے کہ بلوچستان کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، پاکستان کا سب سے بڑا اور مالا مال صوبہ بارود کا ڈھیر بن گیا ہے۔
سراج الحق کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مسائل سے صوبائی اور مرکزی حکومت نے آنکھیں بند کی ہوئی ہیں، صوبے میں موٹر وے کی ایک کلو میٹر سڑک بھی نہیں ہے، دس سال سے بلوچستان میں سڑکوں، سی پیک اور خوشحالی کے نعرے سن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ایسا کچھ نظر نہیں آیا، بلکہ یہاں بےامنی اور ٹارگٹ کلنگ ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نے بلوچستان کے حقوق کی لڑائی لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ہمارے اراکین پارلیمنٹ نے ہمیشہ بلوچستان کےحقوق کے لیے آواز اٹھائی۔