سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک اسپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں، فائل فوٹو
سمندر پار پاکستانی 10 دسمبر تک اسپانسرشپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں، فائل فوٹو

پہلی حج پرواز، 328 عازمین کراچی سے مدینہ پہنچ گئے

مدینہ: پی آئی اے کی پہلی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے 328 عازمین کو لے کر آج صبح سعودی عرب کے شہر مدینہ پہنچ گئی جہاں  قونصل جنرل خالد مجید، ڈائرکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو، قونصل ابو نصر شجاع اور ڈائریکٹر حج مدینہ ضیا الرحمٰن نے وزارت مذہبی امور کے دیگر حکام کے ہمراہ عازمین کااستقبال کیا۔

اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید نے کہا کہ آپ لوگ اپنا زیادہ وقت عبادت اور ذکر الہی میں گزاریں اور اللہ تعالی کا قرب حاصل کریں یہ آپ کو سعادت عظیم حاصل ہوئی ہے اور اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے اعلی اخلاق سے وطن کی عزت میں اضافہ کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ سب کو سعادت دی اور تمام عازمین حج سے ملتمس ہوں کہ اللہ کے بابرکت گھر جا کر پاکستان کی سالمیت اور استحکام اور امن کے لیےخصوصی دعا کریں۔

ڈائرکٹر حج مدینہ منورہ نے کہا یہ حاجی کیمپ اور دیگر اداروں نے مل کر کوشش کی ہے کہ سرکاری سکیم کے تحت حج کرنے والوں کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں اور زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ اس موقع پر عازمین کو سویٹس اور تحائف بھی تقسیم کیے گئے، عازمین کیلیے مدینہ منورہ میں ٹرانسپورٹ کے بہترین انتظامات کیے گئے۔

قبل ازیں چیف آپریٹنگ افیسر پی آئی اے امان اللہ قریشی، ڈائریکٹر جنرل بینظیر انکم سپورٹ پروگرام امتیاز شاہ، ڈائریکٹر حج کراچی سجاد حیدر اور سول ایویشن اتھارٹی اور پی آئی اے کے حکام نے عازمین کو رخصت کیا۔

عازمین حج کو رخصت کرنے کے لیے ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں عازمین سے پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی گئی۔

حج آپریشن کے پہلے روز کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد سے پی آئی اے کی افتتاحی پروازوں کے ذریعے تقریباً 700 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ اسلام آباد سے پہلی پرواز پی کے 743 آج رات 9:15 بجے مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگی۔