سوات(بیورورپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ9مئی کے واقعات پرپی ٹی آئی اپنی غلطی تسلیم کرے اورعمران خان پوری قوم سے معافی مانگیں۔عمران خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت تو کردی لیکن انہیں کھلے دل کے ساتھ غلطی کا اعتراف کرلینا چاہیے،تمام سیاسی قائدین مذاکرات کے ذریعے پاکستان میں ایک ہی روزانتخابات پر اتفاق کرلیں۔ بلوچستان میں سراج الحق پر خود کش حملے کی پوری قوم نے مذمت کی ہے،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ دھماکے کرکے قیادت یا کارکنوں پر خوف طاری ہوگا تو یہ ان کی صرف سوچ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات میں المرکز اسلامی سنگوٹہ میں تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجتماع عام سے امیر ضلع حمیدالحق،جنرل سیکرٹری حیدرعلی،ڈاکٹر فضل عظیم،مفتی سید محمود فاروقی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی کوعوام کے مسائل پر آواز اٹھانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔عوام نے سب کو آزما لیاہے اورپی پی پی،نون لیگ اورپی ٹی آئی باربار اقتدار میں آنے کے باوجود بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ہی ملک کو بحرانوں اور مشکلات سے نجات دلاسکتی ہے،کراچی میں پی ٹی آئی نے میئرشب کیلئے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کیا ہے،ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں،پی پی پی اور سندھ حکومت کراچی کے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں،زور زبردستی حکومتی طاقت اور مال و زر کی بنیادپر نتائج کو تبدیل کیا گیا تو یہ سنگین مذاق ہوگا،کراچی کے عوام مزاحمت کریں گے،انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوامیں دس سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی لیکن پی ٹی آئی اپنے دعوؤں اور اعلانات کے باوجود سندھ،پنجاب، بلوچستان کے مقابلے میں کوئی جوہری تبدیلی نہیں لاسکے،انہوں نے کہاکہ 9 مئی کے واقعات نے اسٹیبلشمنٹ کوپہلے سے زیادہ طاقت ور بنادیاہے اور ایسے میں موجودہ سیاسی بحران کا واحد علاج انتخابات ہیں۔