پاک فوج سے یکجہتی کیلئے جی ایف ایس بلڈرز کی آج ریلی

کراچی (رپورٹ:محمداعظم خان) سی ای او جی ایف ایس بلڈرز اینڈ ڈیولپرز عرفان واحد نے کہا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاک فوج کروڑوں پاکستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہے۔ پاکستانیوں کے دلوں میں فوج کے خلاف نفرت پیدا کرنا دشمنوں کا ایجنڈا ہے،پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے آج شارع فیصل سے سی ویو تک ریلی نکالی جائے گی۔

امّت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں پاک فوج کے جوان روزانہ سرحدوں پر ملک کی سلامتی کیلئے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں۔ اس کے باوجود افواج پاکستان پر تنقید اور فوجی عمارتوں پر بزدلانہ حملے فوج کے شہدا کی توہین کے مترادف ہیں۔ تو آٸیں اور پاک افواج سے اپنی حقیقی محبت کے اظہار کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور وطن دشمنوں کے مذموم عزاٸم کو ناکام بنائیں۔

اس سلسلے میں جی ایف ایس کی جانب سے پاک فوج سے یکجہتی و محبت کے اظہار کیلئے ایک گرینڈ ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے جو کہ آج شام شارع فیصل سے شروع ہوکر کلفٹن سی ویو تک پہنچ کر اسی روٹ سے شارع فیصل پر اختتام پذیر ہوگی۔ اس حوالے سے جی ایف ایس انتظامیہ نے بتایا کہ جی ایف ایس کی جانب سے حالیہ دنوں میں پاک فوج اور اس کی قیادت کے خلاف کیلئے جانے والے گھناٶنے پروپیگنڈے کی شدید مذمّت اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے آج ایک گرینڈ ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

پاک فوج سے اظہار محبت کیلئے نکالے جانے والی اس گرینڈ ریلی کا آغاز آج شام 4 بجے شارع فیصل ڈرگ روڈ سے ہوگا جو ساحلِ سمندر تک پہنچے گی۔ ریلی میں معروف شو بز اداکاروں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوکر پاک افواج سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کریں گے۔پاک افواج سے محبت اور اظہار یکجہتی کیلئے تمام محب وطن شہریوں کو بھی گرینڈ ریلی میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔