سری نگر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی میزبانی میں جی 20 اجلاس آج شروع ہوگا، جس پر کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔
رواں برس جی 20 اجلاس کی میزبانی بھارت کے پاس ہے، بھارت کی جانب سے سری نگر میں 22 سے 24 مئی تک جی 20 رکن ممالک کے ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس بلایا گیا تھا تاہم اجلاس کا انعقاد ایک متنازع علاقے میں ہونے کی وجہ سے پاکستان کے علاوہ، چین، ترکی، سعودی عرب اور مصر نے اجلاس کا بائیکاٹ کررکھا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں امن کا ڈھونگ رچانےکی ناکام کوشش پر مقبوضہ کشمیر میں آج جی 20 اجلاس کے خلاف مکمل پہیہ جام شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے ، کشمیری سراپا احتجاج ہیں جب کہ آزاد کشمیرکے مختلف شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
حریت رہنما عبدالحمید لون نے اس حوالے سے کہا ہے کہ قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کردیا ہے، سری نگر کی سڑکیں اور گلیاں بھارتی فوج کے قبضے میں ہیں، سری نگر ایئرپورٹ کے اطراف محاصرہ جاری ہے، جی ٹوئنٹی کے نام پر کشمیری عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا ہے۔