لاہور(امت نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کوآرمی چیف چلارہا ہے، پاکستان میں جمہوریت بہت کمزورہوچکی ہے برطانوی ٹائمز ریڈیو کو دیے جانے والے حالیہ انٹرویو میں سابق وزیراعظم کے کہا کہ ، ’اس وقت جمہوریت رُک چکی ہے، بنیادی طور پر بظاہر یہ مارشل لاجیسا منظر ہے۔ میرا مطلب ہے کہ ملک آرمی چیف چلارہا ہے‘۔
ساتھ ہی انہوں نے ملک میں جمہوریت کے مستقبل کو روشن قراردیتے ہوئے مزید کہا کہ جس پارٹی کا 70 فیصد ووٹ بینک ہو،اسے ایسے اقدامات سے روکا نہیں جاسکتا۔
اپنے خلاف القادر ٹرسٹ کیس (190 ملین پاؤنڈ کیس ) سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ، ’یہ ظاہرنہیں کیا گیا کہ اس ٹرسٹ سے مجھے کیسے فائدہ ہوا۔ ٹرسٹ ڈیڈ میں لکھا ہے ٹرسٹی کوئی مالی فائدہ، جیسے تنخواہ وغیرہ حاصل نہیں کرسکتا‘۔
انہوں نے آج نیب راولپنڈی ، انسداد دہشتگردی عدالت اور الیکشن کمیشن میں پیشی کے موقع پرمممکنہ گرفتاری کے حوالے سے پارٹی کو پُرامن رہنے کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ منگل (آج) کو اسلام آباد میں ان کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی پُرامن رہے اورپُرتشدد سرگرمیوں کاحصہ نہ بنے۔
عمران خان نے کہا کہ ، ’جب بھی تشدد ہو حکومت کو کریک ڈاؤن کا بہانہ مل جاتا ہے، میری ہمیشہ سے کارکنوں کو تجویز رہی ہے کہ ہمیں پُرتشدد سرگرمیوں کی ضرورت نہیں، بڑے ووٹ بینک والی پارٹیوں کو امن اور الیکشن درکار ہوتا ہے، تشدد کا راستہ وہ اختیارکرتے ہیں جو الیکشن سے خوفزدہ ہیں‘۔