سوات(بیورورپورٹ)سوات کے علاقے بنجوٹ کی پہاڑی دوشے میں مشکوک مسلح افراد اور مقامی افراد کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں نوجوان جاں بحق ہوگیاجبکہ ایک پولیس اہلکار بھی فائرنگ سے زخمی ہوگیا ہے۔ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ مسلح افراد غار میں موجود ہیں۔ ڈی آئی جی ملاکنڈڈویژن ناصرمحمودستی آپریشن کی خود نگرانی کررہے ہیں جس میں پولیس کے ساتھ سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز بھی حصہ لے رہی ہیں ۔ ڈی آئی جی کے مطابق منگل کی شام دوشے کی پہاڑی میں تین سے چار مسلح افراد کی موجودگی پر مقامی افراد اور ان کے مابین فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں ایک مقامی نوجوان جمدالی خان فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا ہے ۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جس کے بعد مسلح افراد نے ایک غار میں پناہ لے رکھی ہے، فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکاروقار بھی زخمی ہوگیا ہے جسے فوری طبی امداد کے لئے سیدوشریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی کے مطابق شرپسندوں کی تعداد تین سے چار تک ہے ۔ رات گئے تک غار کا محاصرہ جاری رہا اور اس دوران وقفے وقفے سے فائرنگ بھی ہوتی رہی ۔