فواد چودھری نے 15 سال کے سیاسی سفر میں چوتھی پارٹی چھوڑی

اسلام آباد(امت خاص) پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے گزشتہ 15 سال کے دوران چوتھی سیاسی پارٹی سے علیحدگی اختیار کی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے 2008 کے بعد مرحوم صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کی آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور اسی دوران وہ ان کے ترجمان بھی بنے۔

فواد چودھری نےمارچ 2012 میں آل پاکستان مسلم لیگ سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد انہیں سابق وزیراعظم یوسف سید رضا گیلانی کا معاون خصوصی برائے اطلاعات و سیاسی امور مقرر کیا گیا۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے جب وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا تو انہوں نے  فواد چوہدری کا عہدہ برقرار رکھا، 2013 کے انتخابات کے بعد وہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کے ترجمان کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے۔

فواد چودھری نے اپنے سیاسی سفر کے دوران کچھ عرصے کےلیے پاکستان مسلم لیگ (ق) میں بھی شمولیت اختیار کی تھی۔

جون 2016 میں فواد چودھری نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور 2018 میں جہلم سے الیکشن جیت کر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا منصب سنبھالا، انہوں نے بحٰثیت وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔فواد چودھری اس وقت میڈیا میں ایک تنازعہ کی وجہ سے بھی مشہور ہوئے تھے جب انہوں نے ایک میڈیا اینکر کو تقریب میں تھپڑ مار دیا تھا۔ انہوں نے کچھ عرصہ ایک ٹی وی پروگرام کے سیاسی شو کی میزبانی بھی کی تھی۔